بنگلورو۔27؍اگست (ایس اونیوز) آج شہر کے ہیبال علاقہ میں آسٹر سی ایم آئی سوپر اسپیشالٹی 500؍بستروں والے اسپتال کا افتتاح کرنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارے ملک میں سوچھ بھارت ابھیان کے ساتھ ہی ساتھ صحت مند بھارت بنانے کے لئے تحریک چلانی ہوگی۔ سچن نے کہا کہ ہر شہری کو اپنی صحت کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے اگر انسان صحت مند رہے گا تو اس کا ذہن بھی صحت مند سوچ کا مرکز بن سکتا ہے۔ جب وہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے تو بارہا کھیل کے دوران وہ زخمی ہوتے رہے ہیں اور اپنا فوری علاج کرواکر وہ دوبارہ اگلے میچ میں کھیلنے کے لئے خود کو تیار کرتے تھے۔ جن ڈاکٹروں نے ان کا بروقت علاج کیا وہ ان تمام ڈاکٹروں کے احسان مند ہیں۔ سچن نے اعلان کیا کہ اس سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں غریب اور مستحق مریضوں کے علاج کے فنڈ کے لئے اپنی جانب سے 2؍ کروڑ کی رقم دیں گے۔ ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل وزیر برائے میڈیکل تعلیم نے اس اسپتال کے انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ اس اسپتال میں وہ غریب مریضوں کے لئے بہتر علاج کی سہولت فراہم کریں اور کم خرچ میں ان کا علاج کریں انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت نے سوپر اسپیشالٹی اسپتالوں کی طرز پر غریب مریضوں کے علاج کے لئے سرکاری اسپتالوں میں بھی مناسب سہولت مہیا کی ہے۔ آسٹر ڈی ایم ہیلتھ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ اس گروپ کے 9؍ممالک میں 279 میڈیکل ادارے قائم ہیں اس گروپ کا یہ عزم ہے کہ ہندوستان میں صحت شعبہ کو اگلی سطح پر لے جایا جائے اور ملک کے مستقبل کو صحت مند بنایا جائے۔ اس نئے اسپتال میں کارڈیاک سائنس، نیورو، کیسٹرو، سرجری ،ملٹی آرگن ٹرانسپلانٹ، یورولوجی ، آرتھو پیڈک جیسے اہم شعبے قائم ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر سدانندا گوڈا، ریاستی وزیر کرشنا بیرے گوڈا، یوٹی قادر، سی ایم ابراہیم ،کے یس ایشورپا ، این اے حارث وغیرہ حاضر تھے۔ اسپتال کے منیجنگ ڈائرکٹر آزاد محسن نے مہمانوں کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کیا۔